بنگلورو،30؍جولائی(ایس او نیوز)طلباء کے لئے رعایتی بس پاس کے اجراء میں تاخیر کے لئے تنقید کا نشانہ بنی ہوئی بنگلورو میٹرو پالیٹن ٹرانسپورٹ کارپوریشن (بی ایم ٹی سی) نے حال ہی میں یہ اعلان کیا ہے کہ اگلے مہینہ کے اواخر تک تمام طلباء کے لئے اسمارٹ کارڈ جاری کر دئے جائیں گے۔نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے بی ایم ٹی سی کے منیجنگ ڈائرکٹر وی پونو راج نے بتایا کہ اب تک پانچ سو اسمارٹ کارڈ جاری کر دئے گئے ہیں، انہوں نے کہا کہ’’طلباء31جولائی تک www.mybmtc.com پر رعایتی بس پاس کے لئے آن لائن درخواست داخل کر سکتے ہیں یا پھر 161 پر فون کر کے بھی اپنا اندراج کرا سکتے ہیں، ہم ان کے اسمارٹ کارڈ ان کے گھروں پر بذریعہ پوسٹ پہنچا دیں گے‘‘۔عام طور پر بی ایم ٹی سی تعلیمی سال کے آغاز ہی میں بس پاس جاری کر دیتی ہے، لیکن اس سال اس میں اسمارٹ کارڈ کے اجراء کی وجہ سے تاخیر ہوئی ہے ، لیکن بی ایم ٹی سی نے عارضی طور پر طلباء کو پچھلے سال کے بس پاس یا ان کے اسکول کی طرف سے جاری کئے جانے والے شناختی کارڈ اور فیس کی رسید دکھا کر بس میں مفت سفر کرنے کی سہولت فراہم کر رکھی ہے ۔پچھلے سال بی ایم ٹی سی نے 3.7 لاکھ رعایتی بس پاس جاری کئے تھے، لیکن افسروں کا کہنا ہے کہ اس سال اس تعداد میں کمی واقع ہو سکتی ہے اس لئے کہ اسمارٹ کارڈ کی وجہ سے نقلی پاس بنانا مشکل ہوگا۔
اکتوبر تک صارفین کے لئے ای پرس: پونو راج نے بتایا کہ ،عام مسافروں کے لئے بی ایم ٹی سی کی طرف سے ستمبر کے مہینہ تک ماہانہ بس پاس کے لئے اسمارٹ کارڈ جاری کئے جاسکتے ہیں اور اکتوبر تک ای پرس کا اجراء بھی عمل میں آجائے گا جس کو استعمال کر تے ہوئے بی ایم ٹی سی کے صارفین بغیر نقد رقم ادا کئے کہیں بھی سفر کر سکتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ٹرائی میکس انفرا اسٹرکچر، جو بی ایم ٹی سی کو انٹیلجنٹ ٹرانسپورٹ سسٹم فراہم کر تا ہے ، کے ساتھ بات چیت کی جا رہی ہے تاکہ ڈجیٹلء ادائیگی کو ممکن بنانے کے لئے الیکٹرانک ٹکیٹنگ مشینوں کی سہولت حاصل کی جا سکے۔
چارجنگ کے مراکز: کافی دنوں سے انتظار کی جا رہی بی ایم ٹی سی کی برقی بسوں کے لئے چارجنگ مقامات کی کارپوریشن کی طرف سے نشاندہی کر لی گئی ہے۔پونو راج نے بتایا کہ وہ الیکٹرانک سٹی کے قریب چندا پورا کی سوریا سٹی اور ہیبال میں چارجنگ اسٹیشن قائم کریں گے ، امید کی جا رہی ہے کہ بی ایم ٹی سی کی برقی بسیں جو سفید رنگ کی ہونگی ، اکتوبر کے اوخر تک شہر کے راستوں پر دوڑنے والی ہیں، پونو راج نے بتایا کہ ’’ہم ابتداء میں پانچ سے آٹھ تک برقی بسیں دستے میں شامل کر نے والے ہیں، ان میں سے ہر ایک برقی بس روزانہ تین سو کلو میٹر کا سفر کر سکتی ہے، مزید بسوں کو بھی مرحلہ وار دستہ میں شامل کیا جائے گا‘‘۔
ڈبل ڈیکر بسوں کا منصوبہ نہیں: بی ایم ٹی سی کے دستہ میں ڈبل ڈیکر بسوں کو شامل کرنے کے منصوبہ کو فی الحال کے لئے ترک کر دیا گیا ہے ، پونو راج نے بتایا کہ ’’موجودہ حالات میں شہر کے راستوں پر ڈبل ڈیکر بسیں چلانا، تنگ راستوں اور بالائی کیبلوں کی وجہ سے ممکن نہیں ہے‘‘۔